نئی دہلی ،16؍اکتوبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ منعقدہ 10؍ستمبر 2017ء بھوپال میں ارکان عاملہ نے اتنے بڑے ملک میں اور میڈیا کی اہمیت کے پیش نظر بورڈ کے کئی ترجمان متعین کرنے کے سلسلہ میں اتفاق رائے سے صدر محترم اور جنرل سکریٹری صاحبان کو اختیار دیا تھا۔حضرت صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے جنرل سکریٹری کے مشورہ سے میڈیا سے بورڈ کی ترجمانی کے لئے حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی صاحب رکن عاملہ کو مسلم پرسنل لا بورڈ کو پہلے کل ہند ترجمان مقرر فرمانے کا اعلان15؍ستمبر2017ء کو فرمایا تھااور اب حضرت مولاناخالدسیف اللہ رحمانی صاحب حیدرآباد کو بھی بورڈ کا ترجمان مقررفرمایاہے۔اور انہی دونوں کو تمام معاملات و مسائل میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف سے نمائندگی کا حق و اختیار حاصل ہوگا۔جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے ذمہ داروں سے گذارش کی ہے کہ وہ بورڈکی طرف سے نمائندگی کے لیے ان حضرات سے رابطہ کریں۔